سڈنی۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیائی ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے ٹی20 ٹیم کے کپتان اور جارحانہ اوپنر ایرون فنچ کو ونڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا اشارہ دے دیا ہے۔اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی معطلی کی وجہ سے ٹیم ان دنوں مشکل دور سے گزر رہی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا منصوبہ تیار کرنے پر اسمتھ اور وارنر کو فی کس ایک برس کے لیے معطل کر رکھا ہے جس کے بعد ونڈے اور ٹسٹ ٹیم کی قیادت ٹم پین کو سونپی گئی تھی۔پین کی زیر قیادت آسٹریلیا کو دورہ انگلینڈ کے دوران ونڈے سیریز میں 0۔5 کی کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جسٹن لینگر نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم کو اس وقت باصلاحیت اور نڈر قائد کی ضرورت ہے اور مجھے فنچ اس عہدے کے لیے سب سے موزوں امیدوار نظر آتے ہیں۔کوچ نے مزیدکہا کہ ایرون فنچ نے سہ رخی ٹی20 سیریز میں جس طریقے سے ٹیم کی مثالی قیادت کی ہے وہ قابل ستائش ہے اور میں چاہتا ہوں کہ فنچ دوبارہ ونڈے ٹیم کی قیادت سنبھالیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے فنچ سے بھی اس حوالے سے بات چیت کی ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا حکام سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔