سنٹ جانس ‘ اینٹیگا ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق آل راونڈر فل سمنس کو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بحال کیا جائیگا ۔ انہیں چند ہفتے قبل معطل کردیا گیا تھا ۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ رپورٹ میں اعلی سطح کے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سمنس بہت جلد ٹیم کے ہیڈ کوچ کی اپنی ذمہ داری دوبارہ سنبھال لیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ فل سمنس کی ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ ہیومن ریسورس کمیٹی سے ملاقات کے بعد کیا گیا ہے ۔ فل سمنس کو ونڈے ٹیم کے انتخاب پر سر عام تنقید کرنے پر اس عہدہ سے ہٹادیا گیا تھا ۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا ہے کہ سمنس کو ان کی سر عام تنقید پر خبردار کیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے تبصروں اور ریمارکس کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ سمنس نے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ونڈے ٹیم کے انتخاب میں بہت زیادہ بیرونی مداخلت ہوئی تھی اور حقدار کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا تھا ۔ اس وقت ٹیم میں ڈوین براوو اور کیران پولارڈ جیسے کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ نہیں دی گئی تھی ۔