حیدرآباد /29 مئی ( سیاست نیوز ) فلک نما اور بہادرپورہ علاقہ میں پیش آئے علحدہ واقعات میں دو خواتین نے خودسوزی کرلی ۔ فلک نما پولیس کے مطابق 20 سالہ حنیفہ جو فاطمہ نگر فلک نما علاقہ کے ساکن احمد علی کی بیٹی تھی ۔ اس لڑکی نے 26 مئی کے دن انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے جسم پر کیروسن ڈال کر آگ لگالی اور آج علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ سب انسپکٹر پولیس فلک نما مسٹر نریندر ریڈی نے بتایا کہ حنیفہ نے اپنے رشتہ دار کی شادی سے دلبرداشتہ ہوکر یہ انتہائی اقدام کیا جو اس لڑکے سے محبت کرتی تھی ۔ بہادرپورہ پولیس کے مطابق 28 سالہ شراونتی جو کشن باغ علاقہ کے ساکن سرینواس کی بیوی تھی اس نے 28 مئی کے دن انتہائی اقدام کرلیا اور اپنے آپ کو آگ لگالی جس کی آج علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ شراونتی اپنے شوہر کی ہراسانیوں سے تنگ آچکی تھی جو روز نشہ کی حالت میں مکان پہونچکر بیوی کو پریشان کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔