سڈنی ۔14 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آسٹریلیا نے فلپ ہیوز کی موت کا مکمل جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ سی اے کا کہنا ہے کہ حادثے کے بارے میں جانچ پڑتال کا مقصد کسی کو کٹھہرے میں لانا نہیں بلکہ آئندہ اس قسم کے حادثات سے بچنا ہے۔ سی اے چیف ایگزیگٹو جیمز سودرلینڈ نے کہا کہ فلپ کی موت نے بہت رنج پہنچایا۔ ’’ہم چاہتے ہیں کرکٹ میں دوبارہ کبھی ایسا حادثہ پیش نہ آئے ، اس حوالے سے بننے والی کمیٹی ہیوز کی موت کی وجوہات کو جاننے کے علاوہ میدان میں گیند سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی تجاویز بھی پیش کرے گی۔ کینگرو کرکٹر ہیوز نومبر 2014 ء میں ڈومیسٹک میچ کے دوران سر پر بال لگنے کے بعد جاں بحق ہوئے تھے۔