فلپائن کے جزیرہ میں مسجد پر حملہ ، 15 زخمی

جولو ( فلپائن ) ۔30مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے دوردراز جزیرہ میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا جس میں 15 افراد بشمول 10پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ مقامی حکام کے مطابق متواتر دھماکوں کے ذریعہ جولوکے جزیرہ میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا ۔ پہلے گرینڈ حملہ ہوا جس کے بعد بم دھماکہ کیا گیا اور اس کا مقصد ان پولیس ملازمین کو نشانہ بنانا تھا جو مقام واردات پر پہنچے تھے ۔ صوبائی پولیس چیف سینئر سپرنٹنڈنٹ ابراہیم اوربٹا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ پہلے دھماکہ کے ذریعہ ان کی توجہ مبذول کروائی گئی جنھیں نشانہ بنایا جانے والا تھا ۔ پانچ عام شہریوں کے منجملہ 3 پہلے دھماکے میں زخمی ہوئے ۔ اس کے دس منٹ سے بھی کم وقفہ میں دوسرا دھماکہ ہوا ۔ کسی بھی گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ یہ جزیرہ ابوسیاف کا طاقتور گڑھ ہے ۔