بغداد /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراقی فورسس نے آج ایک آپریشن چلاتے ہوئے عسکریت پسندوں کے زیر قبضہ شہر فلوجہ کے قریب کے علاقوں کو دوبارہ اپنے قبضے میں لے لیا، جو ایک فیصلہ کن بڑی کارروائی کی تیاری ہے، ایک سینئر عہدہ دار نے بتایا کہ اس آپریشن میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے۔ مخالف حکومت جنگجوؤں نے بغداد سے قریبی فاصلہ پر واقع فلوجہ کو قبضہ میں لے رکھا ہے اور صوبہ انبار کے دارالحکومت رمضی کے بعض حصوں کو بھی اوائل جنوری سے اپنے کنٹرول میں رکھا ہے۔ سینئر آرمی آفیسر نے کہا کہ ملٹری آپریشن شروع کیا گیا،
جس کا مقصد جہادی گروپ آئی ایس آئی ایل کا صفایا کرتے ہوئے فلوجہ کو آزاد کرانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کارروائی فلوجہ پر فیصلہ کن دھاوے تک جاری رہے گی، لیکن اس طرح کا دھاوا عنقریب ممکن نہیں ہے، کیونکہ سیکورٹی فورسس کو انبار کے علاقہ کو عسکریت پسندوں کے قبضہ چھیننے کے لئے سال بھر جدوجہد کرنی پڑی ہے اور انھیں فلوجہ پر کارروائی میں بڑے چیلنجس پیش آئیں گے اور اندیشہ ہے کہ اس آپریشن کے نتیجے میں شہر کو بڑا نقصان پہنچے گا اور شہریوں کی جانوں کو بڑا جوکھم درپیش رہے گا۔