شہر سے عسکریت پسندوں کا قبضہ برخواست کرنے اقدامات
بغداد 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) عراقی سکیوریٹی فورسیس فلوجہ شہر کو القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں سے دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ایک بڑے حملہ کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ ایک سینئر عراقی عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ عہدیدار نے بتایا کہ عراقی فورسیس فلوجہ پر ایک بڑے حملہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ خصوصی فورسیس کی جانب سے شہر میں پہلے ہی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس شہر کے اطراف فوج بھی متعین کردی گئی ہے تاکہ شہری وہاں سے تخلیہ کرسکیں۔ عہدیدار کے بموجب شہریوں کے تخلیہ کے بعد سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے عسکریت پسندوں کا خاتمہ کرنے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی جائے گی ۔
بغداد کے مغرت میں واقع رمادی اور فلوجہ شہروں پر عسکریت پسند کئی دن سے قابض ہیں اور وہاں انہوں نے کئی کارروائیاں کی ہیں۔ ہفتے کو ایک سینئر سکیوریٹی عہدیدار نے صوبہ عنبر میں کہا تھا کہ فلوجہ شہر پر القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کا قبضہ ہے اور انہوں نے اس شہر کو اسلامی مملکت قرار دیدیا ہے ۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج کہا کہ امریکہ عسکریت پسندوں کے خلاف جدوجہد میں عراق کی مدد کرنے تیار ہے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی عراقیوں کی ہے اور امریکہ اس میں کوئی فوجی مدد نہیں کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو فلوجہ شہر میں اسلامی مملکت کے قیام کے اعلان سے کافی فکر و تشویش لاحق ہے ۔ مسٹر کیری نے تاہم واضح کردیا تھا کہ امریکہ دو سال قبل اپنی افواج کی دستبرداری کے بعد اب زمینی افواج کی روانگی پر غور نہیں کر رہا ہے ۔