لندن۔8 جولائی(سیاست ڈاٹ کام )انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو فلنٹاف کی مسابقتی کرکٹ میں پانچ برس بعد واپسی ہوگئی، انہوں نے پہلے میچ میں عمدہ مظاہرہ کیا ہے۔انگلش ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ میں لنکا شائر نے ورسسٹر شائر کو50رنز سے شکست دے دی جس کی خاص بات فلنٹاف کی دو وکٹیں تھی۔ فلنٹاف نے 2009میں کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا تاہم رواں سال مئی میں ڈومیسٹک میں واپسی کا اعلان کیا جس کے بعد اپنے پہلے میچ میں ورسسٹر شائر کے خلاف دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں ان کا نمبر نہیں آیا۔ لنکا شائر نے جنوبی افریقہ کے سابق بیٹسمین ایشول پرنس کے جارحانہ 68رنز کے بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 229رنز بنائے،جواب میں ورسسٹر شائر فلنٹاف کے دو وکٹوں کے باعث 179رنز تک محدود رہی۔فلنٹاف نے 2009میں اپنے آخری ڈومیسٹک میچ میں لنکا شائرکی جانب سے 6چھکوں اورنو چوکوں کی مدد سے 93رنز بنائے تھے۔