لندن 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹاف نے اپنے سبکدوشی کے فیصلہ سے واپسی کرتے ہوئے انگلش گھریلو کرکٹ ٹوئنٹی 20 مقابلوں کے لئے لنکا شائر کی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر فلنٹاف نے انگلینڈ کے لئے 79 ٹسٹ اور 141 ونڈے مقابلے کھیلے ہیں جبکہ 2009 ء میں زخموں سے پریشانی کی صورتحال میں سبکدوشی سے قبل فلنٹاف نے 7 ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی۔ لنکا شائر کے ساتھ فلنٹاف نے اپنی ٹریننگ کا آغاز بھی کردیا ہے اور واپسی کو انھوں نے اپنے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔ کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں فلنٹاف کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ٹیم کی دوبارہ قیادت کو وہ اعزاز تصور کررہے ہیں۔
گرانڈ لوڈین پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ
کراچی 30 مئی (پی ٹی آئی) پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج بنگلہ دیش کے سابق ٹرینر گرانڈ لوڈین کو اپنی ٹیم کے لئے فیلڈنگ کوچ کے عہدہ پر تقرر کیا ہے۔ پاکستان مینجمنٹ نے پی سی بی کے چیرمین نجم سیٹھی کے سربراہی میں اپنی ٹیم کے لئے انقلابی تبدیلیاں کی ہیں جیسا کہ اِسے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے سیمی فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ وقار یونس کو ٹیم کا کوچ بنائے جانے کے بعد جنوبی افریقہ نژاد لوڈین کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ اسپن بولنگ کے مشیر مشتاق احمد ہیں اور بیاٹنگ کوچ گرانڈ فلاور ہیں۔ پی سی بی کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بورڈ نے گرانڈ لوڈین کو ٹرینی اور فیلڈنگ کوچ کے لئے معاہدہ کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب پی سی بی نے اِن کا تقرر کوچ اور ٹرینر کی دوہری ذمہ داری کے لئے کیا ہے۔