پریس کانفرنس سے دھنش اور اکشراہاسن کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 31 جنوری (ایم اے سلام) فلم ’’شیتمابھ‘‘ کہانی ہے دو طاقتور متضاد شخصیتوں کے ٹکراؤ کی جس میں لیجنڈ امیتابھ بچن نے اپنے کردارکا زبردست پرفارمینس دیا ہے اور ساتھ میں آربالکی نے ہدایتکاری میں اپنی بہترین فنی صلاحیتوں کو سلور اسکرین پر پیش کیا ہے۔ یہ بات آج یہاں اس فلم کے پرموشن کیلئے آئے فلم شمیتابھ کے لیڈ فنکار دھنش اور اکشرا ہاسن نے اپنی پریس کانفرنس میں بتائی۔آربالکی جنہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ سابق میں ’’چینی کم‘‘ اور ’’پا‘‘ جیسی یادگار فلمیں بنائی ہیں شمیتابھ سے کافی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ ہوپ پروڈکشن امیتابھ بچن کارپوریشن، ونڈر بار فلمیں، ایروز انٹرنیشنل اور بالاجی موشن پکچرس کے مشترکہ بینر پر بنائی گئی اس فلم میں امیتابھ نے نشہ کے عادی ایک ایسے معمر شخص کا رول کیا ہے جو اپنے آپ کو شمیتابھ بتاتا ہے جبکہ دھنش جو سوپراسٹار بننا چاہتا ہے اسی دعوے پر اٹل ہے اس فلم سے ساوتھ سوپر اسٹار کمل ہاسن کی دوسری بیٹی اکشراہاسن کا ہندی فلموں میں داخلہ ہورہا ہے۔ فلم کی خاص بات یہ ہیکہ فلم سلسلہ کی ریلیز کے 34 سال بعد ریکھا اور امیتابھ نے ایک ہی فلم میں کام کیا ہے اور بات ہے کہ فلم کے اسکرین پر یہ دونوں ایک ہی منظر میں دکھائی دیں گے یا نہیں اسے راز میں رکھا گیا ہے۔ فلم میں ابھیشیک بچن بھی ایک پاسنگ شاٹ میں دکھائی دیں گے۔ شمیتابھ کو سنیل لولا، ابھیشک بچن، ایکتاکپور اور آربالکی نے پروڈیوس کیا ہے اور یہ فلم 6 فبروری سے نمائش کیلئے پیش کی جارہی ہے۔