حیدرآباد ۔ /30 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ فلم نگر میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں تیز رفتار کار ڈرائیور نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے کئی گاڑیوں کو روند دیا جس کے نتیجہ میں ایک ٹھیلہ بنڈی والا تاجر ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ کل رات اس وقت پیش آیا جب ایک ڈرائیور تیز رفتار سے کار چلاتے ہوئے فلم نگر سے شیخ پیٹ کی سمت جارہا تھا اور کار کا توازن کھودیا اور سڑک پر موجود کئی گاڑیوں کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں ٹھیلہ بنڈی پر کاروبار کرنے والا 40 سالہ پی سرینواس راؤ ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی سرینواس کا تعلق مغربی گوداوری سے ہے اور وہ روزگار کیلئے دو سال قبل حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور فلم نگر تا شیخ پیٹ کے راستے میں ٹھیلہ بنڈی پر چھوٹا موٹا کاروبار کیا کرتا تھا ۔ کار ڈرائیور اتنی تیزی سے ڈرائیونگ کررہا تھا کہ کار کو شدید نقصان پہونچے کے علاوہ کئی گاڑیاں کو بھی نقصان پہونچا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس بنجارہ ہلز نے جائے حادثہ پر پہونچ کر کرین کے ذریعہ کار کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا جبکہ متوفی سرینواس کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کرتے ہوئے کار ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کے فوری بعد کار ڈرائیور وہاں سے فرار ہوگیا ۔