فلم فیر ایوارڈس تقریب 24جنوری کو

ممبئی۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام) ایکٹریس پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ وہ فلموں میں کسی کے ساتھ بھی رومانس کرسکتی ہیں۔ صرف شاہ رخ کا نام ہی کیوں لیا جارہا ہے جن کے ساتھ انہوں نے ڈان اور ڈان۔2 دو ہٹ فلمیں کی ہیں۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اور شاہ رخ اسٹیج کے کسی بھی پروگرام کی مشترکہ طور پر بہتر میزبانی کرسکتی ہیں، جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف شاہ رخ ہی کیوں، وہ کسی کے ساتھ بھی پروگرام کرسکتی ہیں۔ یہ ان کا پیشہ ہے۔ یاد رہے کہ پرینکا چوپڑہ فلم فیر ایوارلاس پریس کانفرنس میں تاخیر سے پہنچیں جو شام 7:30 بجے شروع ہونے والا تھا لیکن پرینکا کے ٹریفک میں پھنس جانے سے وہ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے پہنچیں اور ا س طرح پریس کانفرنس رات 9 بجے کے بعد شروع ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قبل ازیں بھی وہ کئی پروگرامس میں تاخیر سے پہنچی ہیںیہ ان کے موڈ پر منحصر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے انہوں نے اپنی شوٹنگ مکمل کی اور پھر اس کے بعد جب پریس کانفرنس میں شرکت کے لئے روانہ ہوئیں تو ٹریفک میں پھنس گئیں۔ پرینکا چوپڑہ اور رنبیر کپور 59ویں فلم فیر ایوارڈس تقریب کی مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔ پرینکا نے کہا کہ وہ کچھ نروس ہیں کیونکہ کام مشکل ہے لیکن مشکل کام کئے بغیر زندگی کا کوئی مزہ نہیں۔ 60ء اور 70ء کے دہے میں بالی ووڈ کے سینئر اداکار آنجہانی ڈیوڈ فلم فیر پروگرامس کی میزبانی کیا کرتے تھے۔ اس کے بعد کئی اداکاروں نے یہ ذمہ داری نبھائی اور حالیہ دنوں میں شاہ رخ خان، سیف علی خان، رنبیر کپور اور عمران خان بھی فلم فیر ایوارڈس تقریب کی میزبانی کرچکے ہیں۔ پرینکا نے کہا ک اگر رنبیر کپور کی جگہ ان سے کسی متبادل کے بارے میں پوچھا جائے تو وہ بلا جھجک ودیا بالن کے ساتھ مشترکہ میزبانی کو ترجیح دیں گی۔ یاد رہے کہ 24جنوری کو یش راج فلمزاسٹوڈیو میں 59ویں فلم فیر ایوارڈس تقریب منعقد شدنی ہے۔