فلم انسٹی ٹیوٹ کے طلباء اور سرکاری عہدیداروں میں مذاکرات ناکام

ممبئی۔/29ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) فلم اینڈ ٹی وی انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے احتجاجی طلباء اور مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات کے عہدیداروں کے درمیان آج ادارہ کے صدرنشین گجیندر چوہان کے تقرر پر جاریہ تعطل ختم کرنے کیلئے مذاکرات ناکام ہوگئے جبکہ طلباء کا یہ اصرار ہے کہ نامزد صدرنشین کو فی الفور ہٹادیا جائے۔ ایف ٹی ٹی آئی اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن کے ترجمان وکاس ارس نے بتایا کہ دو گھنٹوں تک جاری اجلاس میں گجیندر چوہان کی زیر قیادت موجودہ گورننگ کونسل کو فی الفور تحلیل کردینے کے مطالبہ پر مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوسکی۔ یہ اجلاس صبح 11بجے فلم ڈیویژن افس میں شروع ہوکر 1:30 بجے ختم ہوئے تاہم فریقین نے آئندہ اجلاس یکم اکٹوبر کو منعقد کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔