فلمی ستاروں کے علاوہ اسپورٹس مین بھی انتخابی میدان میں

نئی دہلی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سکم کے اسپورٹس مین بھائچونگ بھوتیا سے اولمپک میڈل بردار راجیہ وردھن سنگھ راتھوڑ تک ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے لوک سبھا انتخابات میں اسپورٹس کی دنیا سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی قطار لگی ہو۔ بھوتیا ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان رہ چکے ہیں اور دارجلنگ لوک سبھا حلقہ سے وہ ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔ انہوں نے اگست 2011 ء میں اپنے اسپورٹس کیریئر کو خیر باد کہہ دیا تھا جبکہ دوسری طرف ہندوستان کے سابق کرکٹر محمد کیف جو اپنی بہترین فیلڈنگ کیلئے جانے جاتے ہیں، اترپردیش کے پھول پور حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں جو کسی زمانے میں پنڈت جواہر لال نہرو کا انتخابی حلقہ تھا ۔ 13 ٹسٹ میاچس اور 123 ایک روزہ میاچس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے محمد کیف نے آخری بار ملک کی نمائندگی 2006 ء میں کی تھی

اور اس کے بعد اترپردیش میں وہ ڈومیسٹک کرکٹ پابندی سے کھیلتے رہے ہیں۔ محمد کیف ہی واحد کرکٹر نہیں ہیں جو انتخابی میدان میں ہیں بلکہ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین بھی راجستھان کے سوائی مادھو پور سے کانگریس کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزمائیں گے۔ اظہرالدین نے 99 ٹسٹ میاچس اور 334 ایک روزہ میاچس کھیلے ہیں۔ حالانکہ وہ اترپردیش کے مراد آباد کے موجودہ ایم پی ہیں لیکن آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس نے مراد آباد حلقہ سے بیگم نور بانو کو ٹکٹ دیا ہے ۔ راجیہ وردھن راتھوڑ بی جے پی کے ٹکٹ پر جئے پور (رورول) سے مقابلہ کریں گے ۔ 2004 ء میں ایتھنز اولمپک گیمز میں راتھوڑ نے سلور میڈل جیتا تھا ۔ ان کے علاوہ سابق قومی ہاکی کپتان دلیپ ٹرکی جو فی الحال راجیہ سبھا کے رکن ہیں، لوک سبھا انتخابات کیلئے سندر گڑھ(اڈیشہ) سے بی جے پی کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزمائیں گے ۔

اسکیٹ شوٹنگ میں قومی ریکارڈ بنانے والے نوین جنڈل بھی کروکشیتر سے کانگریسی امیدوار ہیں۔ اس طرح فلمی ستاروں کے علاوہ اسپورٹس مین کی بھی قابل لحاظ تعداد انتخابی میدان میں ہے جو ایک اچھی علامت ہے کیونکہ جمہوریت میں ہرایک کو انتخابات لڑنے کی اجازت ہے یعنی وہ امیدوار جو انتخابی مصارف کا متحمل ہوسکتا ہے ، وہ انتخابات ضرور لڑتا ہے ۔ ایسا بھی دیکھنے میں آتا ہے کہ اگر کوئی امیدوار انتہائی قابل ، تعلیم یافتہ ، دیانتدار اور اہل ہے تو اس کے انتخابی مصارف کو مختلف کمپنیاں اسپانسر کرتی ہیں ۔