میدک۔/17مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی میدک پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ یہاں ٹی آر ایس کی امیدوار محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے بھاری اکثریت سے کامیابی درج کرائی۔ محترمہ پدما کو89119 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ان کی قریبی حریف فلم اسٹار کانگریس امیدوار وجئے شانتی کو 49885ووٹ حاصل ہوئے۔پدما دیویندرریڈی نے 39234ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ تلگودیشم کے بٹی جگپتی کو صرف 9266 ووٹ حاصل ہوئے۔ محترمہ پدما نے رائے شماری کے مقام رودرارم پٹن چیرو سے ریٹرننگ آفیسر کرن کمار سے اپنے انتخاب کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے میدک ٹاون پہونچیں۔ میدک آمد پر ٹاؤن کے نواح ممبوجی پلی ایکس وے سے کیمپ آفس اندرا پوری کالونی تک زبردست فتح جلوس نکالا گیا۔ محترمہ پدما ایک کھلی جیپ میں سوار تھیں ان کے ہمراہ ان کے شوہر سکریٹری ٹی آر ایس مسٹر دیویندر ریڈی، نومنتخب زیڈ پی ٹی سی محترمہ لاوانیا ریڈی،۔ صدر ٹاؤن ایم اے سلام کونسلر بھی موجود تھے۔ ٹاؤن میں مختلف مقامات پر پدما دیویندر ریڈی کی گلپوشی کرتے ہوئے اقلیتوں کی جانب سے مٹھائی کھلائی گئی۔ گولڈن ہوم نیڈس کے مالک جناب سید اسرار الدین نے خیرمقدم کیا۔ نیو بس اسٹیشن پر مالک و پارٹنرس ہوٹل منی باورچی ایم اے رؤف، ایم اے حمید کونسلر، ایم اے وحید، ایم اے قدوس، ایم اے رئیس نے خیرمقدم کیا۔اس طرح انور بیکری اینڈ فروٹس کے مسٹر محمد افسر، ماسٹر محمد عمران نے مٹھائی کھلائی۔ ہوٹل چندرا بھون پر کونسلر اشوک اینڈ برادرس نے خیرمقدم کیا۔ فتح جلوس میں سامعہ نوازی و آتشبازی کی گئی۔ کونسلر ملکارجن گوڑ، کرشنا ریڈی، مایاملیشم، سریکانت، موچی کشن، کاماٹی کشن، انکم چندراکلا، ڈی رادھا گولڈ، محمد عزیز الدین کے علاوہ کارکنوں کی بھاری تعداد شریک تھی۔