یروشلم ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے صدر شمعون پیریز نے آج خبردار کیا کہ رواں فلسطین ۔ اسرائیل امن بات چیت ناکام ہوجانے کی صورت میں سارے مشرقی وسطیٰ میں تشدد پھوٹ پڑسکتا ہے ۔ مسٹر پیریز نے رومانیہ کے صدر ترائیان باسیسکو سے ملاقات کے بعد کہا کہ ’’یہ انتہائی اہم ہے کہ رواں مذاکرات کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جائے ‘‘۔ انھوں نے مزید کہاکہ ’’ بات چیت کو کامیاب بنانے میں ناکامی ساری مشرق وسطیٰ کیلئے علامناک ثابت ہوگی ۔ اگر بات چیت ناکام ہوجائے تو راتوں رات ساری مشرق وسطیٰ کی صورتحال بگڑ سکتی ہے‘‘۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ماہ جولائی کے دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی سفارتی کوششوں کے نتیجہ میں فلسطین اور اسرائیل نے راست مذاکرات کا آغاز کیا تھا جو طویل عرصہ سے تعطل پذیر تھیں۔
مذاکرات کی تکمیل کیلئے اپریل تک مہلت دی گئی تھی لیکن تاحال کی گئی بات چیت میں شاید ہی کوئی پیشرفت دیکھی گئی ۔ جان کیری فی الحال آئندہ ماہ کے دوران ہونے والی بات چیت کے اہم پہلوؤں پر دونوں فریقوں کو متفق کرنے کی کوششوں پر اپنی کوششیں مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ رومانوی صدر باسیسچو نے اسرائیلی صدر سے کہا کہ مذاکرات ایک کلیدی مرحلے میں پہنچ گئی ہیں ، میرا واضح پیغام کیری کی کوششوں کی توثیق کرنا ہے اور اس موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ایک ایسے وقت جب سارا مشرق وسطیٰ آتش فشاں کے دہانے پر پہونچ چکا ہے امن کوششوں کو کامیاب بنایا جانا چاہئے ۔ رومانوی صدر نے کہا کہ ہم دیانتداری کے ساتھ یہ سمجھتے ہیں کہ ہر کوئی اب یہ محسوس کرنے لگا ہے کہ ان لمحات سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے ۔ اسرائیلی صدر اور اُن کے رومانونی ہم منصب نے ایرانی نیوکلیر پروگرام پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔