فلسطین کا اقوام متحدہ کے تحت اداروں میں شمولیت کا فیصلہ

رملہ (مغربی کنارہ)، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی صدر محمود عباس نے منگل کو ایک فیصلے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت اسرائیل کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادکاری کا عمل روکنے سے انکار کے پیش نظر 15 بین الاقوامی ایجنسیوں اور معاہدوں میں شمولیت اختیار کی جائے گی۔ محمود عباس نے یہاں ایک اجلاس کی صدارت کے بعد نشری بیان میں کہا ہے کہ ’’فلسطینی قیادت نے اتفاق رائے سے ایک فیصلے کو منظوری دی ہے جس کے تحت اقوام متحدہ کے پندرہ اداروں اور بین الاقوامی معاہدوں کی رکنیت حاصل کی جائے گی اور اس کا آغاز چوتھے جنیوا کنونشن سے کیا جائے گا‘‘۔

انھوں نے کہا : ’’ہم امریکہ کے خلاف نہیں ہیں جو ہماری مدد کررہا ہے اور ہم کسی سے محاذ آرائی کیلئے اپنے اس حق کو استعمال نہیں کرنا چاہتے ہیں بلکہ ہم مذاکرات کو جاری رکھیں گے‘‘۔ انھوں نے یہ بیان تنظیم آزادی فلسطین کی سینئر قیادت کے اجلاس کے بعد جاری کیا ہے۔ اس اجلاس میں اسرائیل کے ساتھ جاری امن مذاکرات میں تعطل کے بعد فلسطینیوں کے نئے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ فلسطینی صدر کے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ہی اسرائیل نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے دورہ کے موقع پر یروشلم میں یہودی آبادکاروں کیلئے 700 سے زیادہ نئے مکانوں کی تعمیر کیلئے ٹنڈرز جاری کردیئے اور اس طرح امن عمل کو پوری قوت کے ساتھ سبوتاج کرنے کی کوشش کی۔