فلسطین نے امریکہ سے اپنے سفیر کو واپس طلب کرلیا

یروشلم۔یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے چند ہفتوں بعد فلسطینیوں نے امریکہ میں اپنے سفارتکار کو ’مشاورت‘کیلئے واپس بلایا ہے ۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘کے مطابق وزیر خارجہ ریاض المالکی پی ایل او کے امریکہ میں سفارتکار حسام کو واپس بلا لیا ہے ۔واضح رہیکہ امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے پر فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا تھا کہ وہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی امن منصوبے کو تسلیم نہیں کرینگے ۔دوسر ی جانب امریکی فیصلے کے بعد غزہ کی پٹی میں پرتشدد واقعات شروع ہو گئے جس میں اب تک 13 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔بی بی سی کے مطابق امریکی فیصلے کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کی جس میں امریکہ سے اپنے فیصلے کو منسوخ کرنے کا کہا گیا۔اتوار کومحمود عباس نے یروشلم کو فلسطینی عوام کا ابدی دارالحکومت قرار دیا۔یاد رہیکہ چند روز قبل فلسطین نے پاکستان میں اپنے سفیر ولید ابو علی کو کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی موجودگی میں یروشلم کی حمایت میں منعقد کی گئی ریالی میں شرکت کرنے پر واپس بلا لیا تھا۔ ہندوستان نے فلسطین کے سفیر کی اس ریالی میں شرکت پر اعتراض کیا تھا۔فلسطینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیاکہ ’ہم پاکستان میں مقیم فلسطینی سفیر کی یروشلم کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کو ایک نادانستہ غلطی تصور کرتے ہیں جہاں وہ افراد بھی موجود تھے جن پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات ہیں اور اس غلطی کے باعث فلسطینی ریاست کے صدر کے حکم کے مطابق پاکستان میں فلسطینی سفیر کو فوری طور پر وطن واپس آنے کا حکم دیا گیا ہے‘۔