یروشلم 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیلی پولیس نے یہودی تخریب کاروں کے ایک گروپ کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یہ گرفتاریاں ایک فلسطینی نوجوان لڑکے کے اغوا اور قتل کے سلسلہ میں پیش آئی تھی ۔ کہا گیا تھا کہ اس لڑکے کو انتقامی کارروائی کے طور پر زندہ جلادیا گیا تھا ۔ اس نوجوان کی بہیمانہ ہلاکت کے بعد یہاں مشرقی یروشلم میں پرتشدد جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں اور یہ جھڑپیں اب اسرائیل کے تقریبا چھ عرب ٹاؤنس تک وسعت اختیار کرگئی ہیں۔ برہم احتجاجیوں کی جانب سے اسرائیلی پولیس کے ساتھ تصادم کا سلسلہ جاری ہے ۔
ایک سرکاری عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان کا ایک تخریب کار یہودی گروپ سے تعلق ہے اور انہیں فلسطینی لڑکے کے قتل اور اغوا کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ اخبار ہا آرٹیز کی ویب سائیٹ پر کہا گیا ہے کہ چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں اسرائیلی پولیس نے پہلی مرتبہ یہ اعتراف کیا تھا کہ اس لڑکے کی ہلاکت قومی تعصب کے نتیجہ میں ہوئی ہے اور یہ ایک انتقامی کارروائی تھی ۔