فلسطینی شہداء کے لواحقین شاہ عبداللہ کی دعوت پر حج کریں گے

ریاض ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی حکومت اور خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے حج 1435ھ کے دوران فلسطینی شہداء کے خاندانوں کے ایک ہزار افراد کو خصوصی طور پر حج کی دعوت دی ہے۔ خصوصی حج پر آنے والے فلسطینیوں کے تمام اخراجات ریاض حکومت برداشت کرے گی۔ سعودی وزیر مذہبی امور الشیخ صالح بن عبدالعزیز بن محمد نے بتایا کہ شاہ عبداللہ کی جانب سے حج حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلسطین کے ایک ہزار عازمین حج کی سرکاری سطح پر میزبانی کا انتظام کریں۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے جنگ سے متاثرہ فلسطینی شہریوں کی دلجوئی کیلئے ایک ہزار افراد کے حج کے ارادے کی تعریف کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شاہ عبداللہ کو اس کار خیر کا نیک بدلہ اور جزاء ضرور دے گا۔ الشیخ صالح بن محمد کا کہنا تھا کہ فلسطین سے ایک ہزار شہریوں کے مفت حج کے انتظام کا اعلان سعودی حکومت کی جانب سے پورے عالم اسلام کیلئے اخوت و بھائی چارے کا ایک پیغام ہے۔ سعودی حکومت پورے عالم اسلام میں وحدت کی کوششوں کے ساتھ مسلم دنیا کے مسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ فلسطینیوں کے ساتھ شاہ عبداللہ کو خصوصی لگاؤ اور شفقت ہے، جس کا اظہار انہیں مفت حج کرانے کے اعلان سے بھی ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے فلسطینی شہداء کے لواحقین کو حج کرانے کا یہ اعلان پہلی مرتبہ نہیں بلکہ 2008ء اور 2012ء کی جنگجوں میں شہید ہونے والے فلسطینی شہریوں کے ایک ہزار عزیزو اقارب کا سرکاری اخراجات پر حج پر بلایا گیا تھا۔