فلسطینی ریاست اوراسرائیل کی سلامتی ناگزیر : فابیوس

دبئی، یروشلم۔22 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) مشرق وسطیٰ میں تعطل کا شکار امن عمل کی بحالی کیلئے فرانس نے اپنے طور پر کوششیں شروع کی ہیں۔ اس سلسلے میں فرانسیسی وزیر خارجہ لوران فابیوس نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔’العربیہ‘ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی وزیرخارجہ نے کہاکہ وہ کسی ایک فریق پر کوئی بھی حل مسلط نہیں کرنا چاہتے تاہم دونوں پر یہ واضح کررہے ہیں کہ جس طرح اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت ضروری ہے اسی طرح خطے میں دیر پا قیام امن کی خاطر خود مختار فلسطینی مملکت کا قیام بھی وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات کا تعطل اور تنازعہ فلسطین کے حل نہ ہونے سے تشدد کی نئی لہر اٹھ سکتی ہے۔فرانسیسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے لیے اہم چیز امن اورسلامتی کی تلاش ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں دو آزاد ریاستیں ہوں‘‘۔