غزہ۔ 25 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فلسطین کے جنگ سے تباہ حال شہر میں فلسطینی حکومت اور بین الاقوامی امدادی ادارہ ہلال احمر نے مکانات سے محروم شہریوں کیلئے 100 موبائل مکان تعمیر کرنے کے ایک نئے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے پر 14 لاکھ ڈالر کی رقم خرچ ہوگی اور یہ امدادی رقم جزائر مالدیپ کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ ان موبائل مکانات کی تعمیر کے پراجکٹ پر فلسطینی وزیر محنت و آباکاری مفید الحسائنہ اور ہلال احمر کے مندوبین نے دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت ڈیڑھ ملین ڈالر کی رقم سے غزہ کی پٹی میں 100 موبائل مکانوں کے علاوہ اسرائیلی بمباری میں تباہ ہونے والے پانی کے کنوئیں اور انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔ہلال احمر کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلسطینی وزیر آباد کاری نے غزہ کی پٹی میں تعمیر نو کے عمل میں کھل کر تعاون کرنے پر عالمی برادری، مسلمان اور عرب ممالک بالخصوص خلیجی مملکت قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غزہ کی تعمیرنو میں گہری دلچسپی لینے پر ہلال احمر کے سکریٹری جنرل پروفیسر صالح بن المھندی اور جزائر مالدیپ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ فلسطین وزیر مفید الحسائنہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ رابرٹ سیری کی جانب سے انہیں بتایا گیا ہے کہ جلد ہی مغربی کنارے کے راستے غزہ کی پٹی میں تعمیراتی کاموں کی غرض سے تعمیراتی اشیاء غزہ روانہ کی جائیں گی، جو 24 ہزار متاثرہ مکانات کی تعمیر نو یا معمولی مرمت کیلئے کافی ہوں گی۔