یروشلم 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزارت داخلہ کے زیراہتمام ضلعی تعمیراتی وپلاننگ کمیٹی نے "التلہ الفرنسیہ” یہودی کالونی کی توسیع کے لیے بیت المقدس میں شعفاط اور العیسویہ کے مقامات کی وسیع اراضی پر قبضے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی پلاننگ وہائوسنگ کمیٹی کے تازہ اجلاس میں ’’التل الفرنسیہ‘‘ کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور مقصد کے لیے شعفاط اور عیسویہ جیسے فلسطینی اکثریتی قصبوں کی سیکڑوں ایکڑ اراضی ہتھیانے کا اعلان کیا گیا ہے۔یہودی توسیع پسندی پر نظر رکھنے والے فلسطینی تجزیہ نگار احمد صب لبن کا کہنا ہے کہ صہیونی کمیٹی کی جانب سے شمالی بیت المقدس میں واقع شعفاط قصبے کی 25 دونم اراضی کو تجارتی مقاصد اور یہودی آباد کاروں کی رہائش گاہوں کے لئے استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت فلسطینیوں کی اراضی غصب کرنے کے بعد سنہ 2020 ء تک وہاں تعمیراتی منصوبے مکمل کرلئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں شعفاط قصبے کے فلسطینی شہریوں نے خالی اراضی پر فلسطینی شہریوں کے مکانات اور دکانوں کی تعمیرات کے لئے اسرائیلی بلدیہ سے اجازت طلب کی تھی لیکن صہیونی بلدیہ کی نیت میں فتور تھا جس کی وجہ سے فلسطینیوں کو تعمیرات کی اجازت نہیں دی گئی اوراب یہودی کالونی کی توسیع کے لئے قصبے کی اراضی کو ہتھیانے کا ظالمانہ فیصلہ کیا گیا ہے۔