استنبول ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سابق صدر اور جماعت کے مرکزی رہنما خالد مشعل نے فلسطینی قوم کی بے لوث حمایت اور بے پایاں امداد پر رک قوم اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ پوری فلسطینی قوم ترکی کی حکومت کی خدمات کا صلہ نہیں دے سکتی۔ ترک صدر طیب اردغان نے فلسطینی قوم کے لئے مثالی خدمات انجام دی ہیں۔ فلسطینی قوم ترکی کی ہمیشہ شکرگزار رہے گی۔ ترکی نے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں کبھی بخل سے کام نہیں لیا۔ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی تاریخ کا بدترین جرم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے شہر سلطان غازی میں ایک افطار پارٹی سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں سلطان غازی شہر کے میئر ہاد التوانائی سمیت ایک ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والوں کو تاریخ رسواء کرے گی اور جو فلسطینیوں کی مدد اور نصرت کرے گا اس کا نام تاریخ میں ہمیشہ چمکتا رہے گا۔