فلسطینیوں کو مودی کے دورہ کا انتظار

یروشلم۔ 29 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو بڑی اُبھرتی معاشی طاقت قرار دیتے ہوئے ایک اعلیٰ فلسطینی عہدیدار نے آج کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کا آئندہ ماہ مغربی کنارے کو تاریخی دورہ نہ صرف باہمی روابط کو تقویت دے گا بلکہ دونوں فریقوں کے درمیان معاشی مشغولیت بھی بڑھے گی ۔ اسرائیل اور فلسطین کے ساتھ روابط کو توازن کے ساتھ برقرار رکھنے کی کوشش میں مودی رملہ کا دورہ کرنے والے ہیں جو مغربی کنارے میں فلسطینی اتھاریٹی کے اقتدار کا مقام ہے ۔ وہ 10فبروری کے دورے میں اسرائیل جانے سے گریز کریں گے اور تین قومی سفر میں فلسطین کے علاوہ یو اے ای اور عمان کا احاطہ کرینگے ۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے سفارتی مشیر ڈاکٹر ماجدی خالدی نے عمان (اُردن ) سے فون پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ مودی کا دورہ تاریخی نوعیت کا رہے گا ۔ ہمارے لئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اہمیت کا حامل ہے ۔ مودی نے جون میں اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتین یاہو جاریہ ماہ ہندوستان آئے تھے ۔