انقرہ29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی منظم دہشت گردی پرعالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے قتل عام پرعالمی خاموشی اسرائیل کے جرائم میں شراکت کے مترادف ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق پوپ فرانسس کے ہمراہ انقرہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں صدر اردغان نے کہا کہ اسرائیل معصوم اور بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف منظم انداز میں طاقت کا استعمال کر رہا ہے جسکے نتیجے میں غزہ کی پٹی، بیت المقدس اور مغربی کنارے میں ہزاروں فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کیا جا رہا ہے۔ یہ کارروائیاں بد ترین دہشت گردی ہیں ۔ اسرائیل کے اس ظلم وبربریت پر عالمی برادری مسلسل خاموش تماشائی بنی ہوئی اور کسی کو کوئی پرواہ تک نہیں۔