کراچی ۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانیکرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور شاہد آفریدی فائونڈیشن کے روح رواں شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان نے مجھے عزت، دولت اور شہرت سب کچھ دی اب وقت آگیا ہے کہ میں بھی قوم کیلئے کچھ کروں، اپنے لئے تو سب جیتے ہیں دوسروں کے کام آنے سے قلب کو سکون ملتا ہے۔ بوم بوم شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سماجی کاموں کے علاوہ اس وقت میری توجہ اگلے سال ہونے والا ورلڈ کپ پر بھی ہے میری خواہش ہے کہ اس میگا ایونٹ میں بہتر سے بہتر مظاہرہ کروں۔ ورلڈ کپ کے بعد اپنے کیریئر کا فیصلہ کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں شاہد آفریدی فائونڈیشن کی تقریب رونمائی کے موقع پر اور میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ والد کے انتقال کے بعد میں نے سماجی خدمت کرنا کا عزم کیا تھا اور آج مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کوہاٹ کے ایک گاؤں میں میرے والد سے موسوم تعمیر ہونے والا اسپتال میں کام شروع ہوچکا ہے جو 16بستروں پر مشتمل ہے اس پر میں نے ذاتی طور پر ایک کروڑ اور 60لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔ یہ میرا ایمان ہے کہ نیک مقصد کیلئے کام کرنے والوں کی مدد اللہ تعالیٰ خود کرتے ہیں۔
پہلے میں نے ضلع کوہاٹ کے گاؤں تنگی بادا میں صرف ایک کمرے کی ڈسپنسری بنانے کا پروگرام بنایا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے میری مدد کی اور اپنی ذاتی زمین پر وہاں ایک بڑا میٹرنٹی اسپتال قائم ہو گیا۔ ہماری فاؤنڈیشن کی اولین ترجیح صحت ہے۔ خیبر پختونخوا کے نواحی علاقوں میں بے پناہ غربت ہے وہاں کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ میں نے ابھی تک اسپتال کی تعمیر کیلئے حکومتی سطح پر کسی سے مدد طلب نہیں کی تاہم عمران خان نے اس حوالے سے میری کافی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی جس سے مجھے مزید حوصلہ ملا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے ماضی میں مختلف این جی اوز کے ساتھ مل کر بہت رفاعی کام کئے اب اپنی فاؤنڈیشن کے بینر تلے رفاعی کاموں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری رہے گا۔