منچریال میں جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب
منچریال /30 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ حکومت کے فلاحی پروگراموں کے نشانہ کو مقررہ وقت میں تمام محکموں کے آپسی تال میل کے ذریعہ مکمل کئے جائیں ۔ یہ بات ضلع کلکٹریٹ منچریال میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر منچریال مسٹر آر وی کرنن نے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کے فلاحی و ترقیاتی کاموں کو 15 اپریل تک 50 فیصد تکمیل کی جائے ۔ صاف ستھرا ہندوستان مشن پروگرام میں لاپرواہی کیلئے جنارم اور ننیل منڈلوں کے منڈل ڈیولپمنٹ عہدیداروں کو نوٹس وجہ نمائی جاری کرنے متعلقہ عہدیدار پراجکٹ ڈائرکٹر مسٹر شنکر کو ہدایت جاری کی ۔ اس کے علاوہ انسداد غربت پروگرام میں لاپرواہی پر اے پی او کو معطل کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں دیہی کمیٹیوں کے ذریعہ باورچی خانہ اور طہارت خانوں کو مکمل کیا جائے ۔ موسم گرما میں پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے دیہی سربراہی آب اور منڈل ڈیولپمنٹ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے آخر میں سرسبز و شاداب پروگرام کے ضمن میں تمام نرسری میں پودوں کی نگہداشت و افزائش کا جائزہ لیا ۔ اس پروگرام میں مختلف محکموں کے اعلی عہدیادروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔