ترنمول کانگریس ایم پی سندیپ بندواپادھیائے کا الزام
کولکتہ ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : یہ الزام عائد کرتے ہوئے پیشرو بائیں بازو کی حکومت نے فلائی اوور برج کی تعمیر کے لیے غلط پلان تیار کیا تھا ۔ جو کہ کل منہدم ہوگیا ہے ۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سدیپ بندواپادھیائے نے آج کہا ہے کہ مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ فلائی اوور کی تعمیر کے منصوبہ میں خامیاں تھیں کولکتہ نارتھ کی نمائندگی کرنے والے ایم پی نے بتایا کہ فلائی اوور کا پلان اور ڈیزائن بائیں بازو کے دور حکومت میں تیار کیا گیا تھا ۔ جس میں متعدد خامیاں اور کمیاں پائی گئیں تھیں ۔ اگرچیکہ مقامی افراد نے پلان کے بارے میں شکایت کی تھیں لیکن اس وقت 60 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا تھا اور جب کہ ڈیزائن اور پلان میں تبدیلی بھی موضوع بحث تھی ۔ یہ دریافت کیے جانے پر کہ اسمبلی انتخابات سے قبل فلائی اوور کی تکمیل کے لیے ریاستی حکومت نے کوئی جلد بازی کی ہے ۔ مسٹر بندواپادھیائے نے کہا کہ ریاستی حکومت عجلت پسندی سے کام کیوں کرے گی جب کہ انتخابی ضابطہ اخلاق اس کی تعمیر میں رکاوٹ نہیں تھا اور یہ کام حسب معمول جاری تھا ۔ دریں اثناء منہدمہ فلائی اوور کے ملبہ سے آج مزید نعشیں برآمد ہونے کے بعد مہلوکین کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے ۔ واضح رہے کہ شہر کولکتہ میں کل ویویکانند فلائی اوور کا 60 میٹر حصہ منہدم ہوگیا تھا ۔۔