صنعا ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے مشن میں شامل اتحادی طیاروں کی بمباری سے جبل النھدین اور باغیوں کے زیرتسلط صدارتی ہیڈ کواٹر میں اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ تباہ ہو گیا ہے۔ اتحادی ممالک کے فضائی حملوں کی معاونت میں حکومت فورسز نے سعودی عرب سے متصل گورنری حجہ کے سرحدی شہر حرض پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ حکومت نواز فورسز اور اتحادی ممالک نے تعز شہر کو باغیوں سے چھڑانے کے لیے قطعی آپریشن کی تیاری کر لی ہے۔ تعز کو باغیوں سے چھڑانے کا آپریشن شمالی عدن میں العند فوجی اڈے سے کیا جائے گا۔