نئی دہلی۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں ہندوستان اور سری لنکن ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ فضائی آلودگی کے باعث متاثر ہوا جب کہ مہمان کھلاڑی ماسک پہن کر فیلڈنگ کرتے رہے۔نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث سری لنکن ٹیم کو بولنگ اور فیلڈنگ میں دشواری کا سامنا رہا اور اس حوالے سے مہمان ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے امپائر کو آگاہ کیا۔فیلڈنگ کے دوران دو لنکن کھلاڑیوں کی حالت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا جب کہ دیگر کھلاڑی ماسک پہن کر فیلڈنگ اور بولنگ کرتے رہے۔ایک موقع پر سری لنکا کے دس کھلاڑی فیلڈ میں موجود تھے، جس کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا ٹیم بھی نئی دلی میں ماحول کی خرابی پر اعتراض کرچکی ہے۔ دہلی میں اتوار کو ایئر کوالٹی انڈیکس دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ یہاں دوپہر سے 1.00 بجے ہوا میں پی ایم 2.5 کی سطح کافی زیادہ (نقصان دہ سطح) ہے۔ اس کے مقابلے سری لنکا میں آلودگی کی سطح بہت کم ہے۔دہلی میں 203 کے اعداد و شمار کے مقابلے سری لنکا میں ہوا کی کوالٹی کا انڈیکس صرف 57 ہے۔