فصلوں کے تحفظ کیلئے ممکنہ اقدامات

نظام آباد :23؍ مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )کسانوں کے فصلوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر برقی مسٹر جگدیش ریڈی کل یلاریڈی حلقہ کے مختلف مواضعات میں 32/11KV برقی سب اسٹیشن کے سنگ بنیاد کے بعد جلسوں سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو 12؍ مارچ کے روز یلاریڈی میں مشن کاکتیہ کے آغاز کے موقع پر یلاریڈی حلقہ میں 11 برقی سب اسٹیشن منظور کرتے ہوئے 32 کروڑ روپئے سے ان سب اسٹیشنوں کی تعمیر عمل میں لانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور اس کا سنگ بنیاد وزیر برقی جگدیش ریڈی رکھیں گے کا اعلان کیا تھا اور اسی اعلان کے تحت مسٹر جگدیشور ریڈی نے رکن اسمبلی یلاریڈی کے ہمراہ ان مختلف دیہاتوں میں سب اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا اور اس موقع پر منعقدہ جلسوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو برقی فراہم کرنے کیلئے خرچ کی پرواہ کئے بغیر ہی برقی سربراہ کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ اسی کے تحت چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو نے یلاریڈی حلقہ کیلئے ناگی ریڈی پیٹ منڈل کے چینور، یلاریڈی منڈل کے بھکنور، لکشما پور، لنگا ریڈی پیٹ، گندھاری منڈل کے کنڈی پیٹ، بڑا پتنگل، چدمل، سداشیو نگر منڈل کے بوم پلی، مرکھل، تاڑوائی منڈل کے کنل، گنڈہ رام میں برقی سب اسٹیشنس کی منظوری عمل میں لائی ہے اور اس کا جنگی خطوط پر تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست میں کوئی بھی حکومت اپنے انتخابی منشور پر اتناجلدی عمل نہیں کرسکتی جتنا کے تلنگانہ حکومت عمل کیا ہے اور پہلی کابینہ کے اجلاس میں 40 نکات کو منظور کیا گیا ہے اور انتخابات کے موقع پر کئے گئے وعدوں کے علاوہ دیگر کئی فلاحی کام کو انجام دیتے ہوئے کئی اسکیمات کو متعارف کیا گیا۔ ہماراگائوں۔ ہمارا منصوبہ کے تحت دیہاتوں کی ترقی کو یقینی بنایا جائیگا۔ اس موقع پر وزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ تلنگانہ حکومت کے قیام کے بعد تیزی کے ساتھ تلنگانہ کی ترقی انجام دی جارہی ہے اور کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی یلاریڈی اے رویندرریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو جن اعلانات کو کیا ہے یہ تمام اعلانات پر عمل کیا جائیگا۔ اس موقع پر ٹی آرایس کے قائدین اور اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔