فسکڈ ڈپازٹ اور گولڈ لون کے نام پر دھوکہ دینے والا شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ /26 جولائی (سیاست نیوز) فکسڈ ڈپازٹس اور گولڈ لون کے بہانے عوام کو دھوکہ دینے والے سری تیجا بینیفٹ فنڈ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر کو گرفتار کرلیا ۔ سی سی ایس پولیس کے بموجب 78 سالہ بی ہری کرشنا ساکن دلسکھ نگر نے سال 1993 ء میں عوام سے فکسڈ ڈپازٹس کی شکل میں رقومات اور گولڈ لون فراہم کرنے کے بہانے طلائی زیورات حاصل کئے ۔ فکسڈ ڈپازٹس کی تاریخ مکمل ہونے کے باوجود بھی وہ رقومات لوٹانے سے قاصر رہا ۔ ہری کرشنا نے عوام سے 13 کروڑ روپئے حاصل کئے اور بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی میں ملوث ہوا ۔ گرفتار دھوکہ باز نے عوام کو یہ بھروسہ دلایا تھا کہ سری تیجا بینیفٹ فنڈ لمیٹیڈ میں فکسڈ ڈپازٹ کرنے پر زیادہ فائدہ ہوگا اور گولڈ لون کم سودی شرح پر فراہم کیا جائے گا ۔ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔