حیدرآباد ، یکم جون (پریس نوٹ) فری انٹری ڈے ؍ نائٹ غوث محمد جونیر ٹینس ٹورنمنٹ 2015ء کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے جو اسپورٹس کوچنگ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اور زیرسرپرستی 31 مئی تا یکم جون منعقد کیا گیا۔ یہ سالانہ ایونٹ ہے اور اس بار جیلانی پیراک (نامور اسپورٹسمن) اور پدم شری غوث محمد مہمانان خصوصی رہے، جنھیں افتتاحی تقریب میں تہنیت پیش کی گئی۔ اپنی حوصلہ افزاء تقریر میں جیلانی پیراک نے چیف منسٹر کے سی آر اور حکومت تلنگانہ کو سراہا کہ ثانیہ مرزا کو نئی ریاست کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا۔ انھوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ایل بی اسٹیڈیم میں قائم ’گورنمنٹ ٹینس کورٹس‘ کو پدم شری غوث محمد سے موسوم کیا جائے، جو بابائے ماڈرن ٹینس اور ومبلڈن کے کوارٹر فائنلس کھیلنے والے اولین ہندوستانی ہیں۔ اس ایونٹ میں انڈر 8، انڈر 10 اور انڈر 12 کیٹگری کے تحت مقابلے منعقد ہورہے ہیں۔ ابتدائی کامیابی پانے والوں میں انیس سرما، اَرنوو؛ روشی چکرا، چیخ خواجہ پاشا، شاندلیا، پی رشیت؛ انیش ریڈی، جئے ارجن شامل ہیں۔