میڈرڈ۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام)سال کا دوسرا گرانڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ 25 مئی کو فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شروع ہوگا۔ ٹورنمنٹ انتظامیہ کے مطابق سال کے دوسرے گرانڈ سلام میں خطاب کے حصول کے لئے دنیائے ٹینس کے ٹاپ سیڈڈ کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ عالمی نمبر ایک اور کلے کورٹ کے بادشاہ رافل نڈال مینز سنگلز میں اعزاز کا دفاع کرینگے۔8 مرتبہ کے فرنچ اوپن چیمپیئن نڈال نے 2013 کے فرنچ اوپن فائنل میں ہم وطن ڈیوڈ فیرر کو شکست دیکر مسلسل چوتھی اور کیریئر میں آٹھویں مرتبہ خطاب اپنے نام کیا تھا جبکہ امریکہ کی سرینا ولیمس ویمنز ایونٹس میں خطاب کے دفاع کیلئے کھیلیں گی۔ ٹورنمنٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز، مکسڈ ڈبلز، جونیئرز میں بوائز سنگلز، گرلز سنگلز، بوائز ڈبلز، گرلز ڈبلز، ویل چیئرز ایونٹ میں ویل چیئرز مینز سنگلز، ویل چیئرز ویمنز سنگلز، ویل چیئرز مینز ڈبلز، ویل چیئرز ویمنز ڈبلز کے علاوہ لیجنڈز کے مقابلے ہونگے۔
15 روز تک جاری رہنے والا ایونٹ 8 جون کو اختتام پذیر ہوگا۔ اولمپک چیمپئن اور برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے فٹنس مسائل کے باعث گزشتہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ سے دستبردار ہو گئے تھے تاہم اس مرتبہ وہ ایونٹ میں شرکت کرینگے۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔دریں اثناء نڈال نے کہا ہے کہ وہ جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل فٹ ہیںاور فرنچ اوپن خطاب کا کامیاب دفاع کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ نڈال فرنچ اوپن کی تیاریوں کے حوالے سے مصروف ہیں۔ اسپینی اسٹار نے کہا کہ وہ اپنی حالیہ فارم اور کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ فرنچ اوپن خطاب کا دفاع کرنے کیلئے بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی بہ نسبت وہ جسمانی طور پر کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں اسلئے میرا دل کہتا ہے کہ میں فرنچ اوپن خطاب جیت لوں گا۔