فرنچ اوپن : شاراپوا سیمی فائنل میں داخل

پیرس، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) روس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس کوئین اور عالمی نمبر آٹھ ماریا شاراپوا فتوحات برقرار رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ شاراپوا نے کوارٹر فائنل میں حریف وی مگوروزا کو شکست سے دوچار کیا۔ شاراپوا نے مسلسل چوتھی بار جبکہ مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ اس ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ فرانس میں جاری سال کے دوسرے گرانڈ سلام میں کھیلے گئے ویمنس سنگلز کے کوارٹر فائنل میں روسی ٹینس اسٹار نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف اسپینی کھلاڑی مگوروزا کو سخت مقابلے کے بعد 1-6، 7-5 اور 6-1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایک اور کوارٹر فائنل میں کینیڈین کھلاڑی یوگینی بوچرڈ نے عمدہ کھیل کی بدولت حریف اسپینی کھلاڑی کارلا سوریز کو اعصاب شکن مسابقت کے بعد 7-6، 2-6 اور 7-5 سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

رونالڈو کی فٹنس پرتگال کیلئے اہمیت کی حامل
فلورہام پارک (امریکہ)، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) پرتگال آنے والے ورلڈ کپ کیلئے نیوجرسی میں تیاری کررہا ہے، لیکن اس کیلئے سب سے زیادہ اہمیت کا معاملہ سوپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی فٹنس ہے۔ اب جبکہ ورلڈ کپ سر پر ہے، گزشتہ سال کے بہترین فٹبالر کی حیثیت سے فیفا بالن ڈی آر ونر کی طرف سے کچھ بری خبر سامنے آرہی ہے کہ وہ فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔ رونالڈو کو اپنے بائیں ران کے پچھلے حصے میں رگ پٹھے چڑھ جانے سے تکلیف ہے جس کے ساتھ ساتھ انھیں بدن میں کھنچاؤ کی بھی شکایت لاحق ہوگئی ہے۔ پرتگالی فٹبال اسوسی ایشن نے کل ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے اپنے اسٹار کھلاڑیوں کی فٹنس سے واقف کرایا۔