حیدرآباد ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے آج کہا کہ فرنچ اوپن اُن کے اور سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگس کیلئے ’’مشکل ترین‘‘ ثابت ہوگا کیونکہ کلے کورٹ اُن کے پسندیدہ میدانوں میں سے نہیں ہے۔ تین گرانڈ سلام خطابات لگاتار جیتنے کے بعد ثانیہ اور مارٹینا کو امید تو یہی رہے گی کہ جیت کا سلسلہ فرنچ اوپن میں برقرار رکھا جائے، جو مئی میں منعقد شدنی ہے۔ وہ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھیں۔ انھوں نے کہا: ’’میں امید کرتی ہوں کہ (جیت کے) امکانات روشن ہیں کیونکہ ہم نے گزشتہ تین گرانڈ سلام جیت رکھے ہیں۔ لیکن یہ گرانڈ سلام جیتنا ہمارے لئے مشکل ترین کام رہے گا۔ یہ ہمارا پسندیدہ میدان نہیں ہے۔ مگر ہم جو کچھ بھی ممکن ہو کررہے ہیں اور امید ہے ہم وہ گرانڈ سلام جیت سکیں جسے Santina کا نام دیا جاسکے۔ ‘‘ ہند۔ سوئس جوڑی کا 41 میچوں میں لگاتار جیت کا سلسلہ ختم ہوگیا جبکہ عالمی نمبر ایک ویمنس ڈبلز جوڑی گزشتہ ہفتے روسی حریفوں ایلینا ویزنینا اور داریا کساتکینا کے مقابل قطر اوپن کے کوارٹر فائنلز میں سخت مقابلے کے بعد ہار گئی۔ ثانیہ جو تلنگانہ ٹورازم کے زیراہتمام ایک ایونٹ میں مخاطب تھیں، انھوں نے کہا کہ وجئے امرت راج کے پیش کردہ چمپینس ٹینس لیگ میں حیدرآباد کیلئے کھیلنے والی ہنگس کو حیدرآباد اور ہندوستانی غذائیں بہت پسند ہیں، جن میں بریانی اُن کی پسندیدہ ڈش ہے۔