ممبئی 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کی نئی حکومت میں کسی بھی وزیر نے اپنے اثاثہ جات کا اعلان نہیں کیا ہے۔ چیف منسٹر کو اپنی جائیداد کی رپورٹ نہیں دی گئی۔ ریاستی اسمبلی نے آر ٹی آئی کے ایک سوال کے جواب میں یہ انکشاف کیا ہے۔ آر ٹی آئی کارکن انیل گلگلی نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کی کابینہ سے یہ تفصیلات دینے کی خواہش کی تھی کہ اس حکومت کے کتنے وزراء نے اپنے اثاثہ جات کا اعلان کیا ہے جس کے بعد انڈر سکریٹری جنرل اڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ ڈی کے نائک نے جواب دیا کہ اس تعلق سے ’’ڈاٹا‘‘ دستیاب نہیں ہے۔ آئی ٹی کارکن نے کہاکہ اُنھوں نے چیف منسٹر دیویندر فرنویس کو بھی دو مرتبہ مکتوب لکھا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ وہ تمام وزراء کے اثاثہ جات و جائیدادوں کی تفصیلات کو برسر عام لائیں اور اسے آن لائن نہیں کیا جائے لیکن اس کا کوئی جواب نہیں آیا اور صرف یہ کہا گیا ہے کہ ڈاٹا دستیاب نہیں ہے۔ آئی ٹی کارکن نے کہاکہ حق معلومات قانون کے تحت متعلقہ عہدیدار یا محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ راست معلومات فراہم کرے۔ مگر چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے ان کے مکتوبات کا واضح جواب نہیں دیا۔ صرف سطحی ذکر کرکے اپنی ذمہ داری ختم کی۔