فرنویس حکومت کو دوبارہ خط اعتماد حاصل کرنے کی ہدایت دی جائے

ممبئی 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نمائندوں نے آج گورنر مہاراشٹرا مسٹر سی ایچ ودیاساگر راؤ سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کی حکومت کو ایوان میں ایک بار پھر اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ کانگریس مہاراشٹرا یونٹ کے سربراہ مانک راؤ ٹھاکرے کی قیادت میں کانگریس کے ایک وفد نے راج بھون میں گورنر سے ملاقات کی اور یہ مطالبہ کیا ۔ یہ ملاقات 20 منٹ کی رہی جس میں سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چاوان ‘ رکن راجیہ سبھا بال چندرا منگیکر اور سینئر کانگریس لیڈر بی اے دیسائی شامل تھے ۔ وفد نے چہارشنبہ کو مہاراشٹرا اسمبلی میں فرنویس حکومت کی جانب سے متنازعہ انداز میں حاصل کئے گئے اعتماد کے ووٹ پر پارٹی کے موقف سے واقف کروایا ۔

چاوان نے اس ہنگامہ آرائی میں گورنر کو ہوئی تکلیف پر افسوس کا اظہار کیا جب وہ ودھان بھون میں اپنا پہلا خطبہ دینے آ رہے تھے ۔ وفد نے گورنر کو مطلع کیا کہ انہوں نے فرنویس حکومت کو ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کردکھانے جو ہدایت دی تھی اسے پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ حکومت کو ایوان میں تعداد کے اعتبار سے رائے دہی کے ذریعہ اپنی اکثریت ثابت کردکھانی چاہئے اور ایسا کرنا ضروری ہے ۔ تاہم اسپیکر نے یہ ریکارڈ نہیں کیا کہ کتنے ارکان چیف منسٹر کی پیش کردہ تحریک اعتماد کے مخالف تھے ۔ کانگریس قائدین نے گورنر سے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ کانگریس نے مقررہ وقت کے اندر رائے دہی کا مطالبہ نہیں کیا تھا ۔ پارٹی کے خیال میں ندائی ووٹ کا انعقاد بھی دستوری طرز پر نہیں کیا گیا ۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے تک اس کے تمام فیصلوں کو التوا میں رکھا جائے ۔ وفد نے یادداشت گورنر کے حوالے کی ۔ ٹھاکرے نے کہا کہ گورنر نے انہیں تیقن دیا ہے کہ وہ اس مسئلہ کا جائزہ لیں گے ۔