فرقہ پرست طاقتیں یکساں سیول کوڈ کے سہارے جمہوری نظام میں تبدیلی کے خواہاں

خاموشی پر مصیبت کو دعوت دینے کے مترادف ، جناب عثمان شہید ایڈوکیٹ کا خطاب
حیدرآباد۔31جولائی(سیاست نیوز) اترپردیش انتخابات سے قبل یکساں سیول کوڈ کے مسئلہ کو زیربحث لاکر ہندوووٹ بینک کی سیاست کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے ماہر قانون عثمان شہیدایڈوکیٹ نے کہاکہ یکساں سیول کوڈ کا مسئلہ ایک سے زائد شادیاں اور تین طلاق سے کہیں زیادہ آگے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست طاقتیں یکساں سیول کوڈ کے سہارے ملک کے جمہوری نظام میںتبدیلی کی کوشش کررہے ہیں یکساں سیول کوڈ پر خاموش رہنا ایک بڑی مصیبت کو دعوت دینے کے مترداف ہوگا۔ ایلڈرس تھینک ٹینک اور سعادت ویلفیر اینڈ ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام کامن سیول کوڈاور سیاسی رحجان کے عنوا ن پر علی گڑہ کلب بشیر باغ میںمنعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے جناب عثمان شہید ایڈوکیٹ نے کہاکہ اس حساس مسئلہ پر مسلمانو ںکو مسلکی اختلافات سے بالاتر ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ کامن سیول کوڈ ہر مسلمان کیلئے نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یکساں سیول کوڈ کے متعلق کی جارہی سازشوں سے مسلمانوں کو چوکنا رہنا ہوگا۔ جناب انعام الرحمن خان غیور نے کہاکہ ہندوستان میںمختلف مذاہب کے ماننے والے رہتے اور بستے ہیں اور یکسا ں سیول کوڈ کا مسئلہ وہ تمام مذاہب پر لاگو ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے جمہوری نظام کے مطابق ہر ہندوستانی شہری کو اپنے مذاہب کی مناسبت سے زندگی گذارنے کی پوری آزادی حاصل ہے اگر یکساں سیول کوڈکو جبراً نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو ہندوستان کے جمہوری ڈھانچے میںدخل اندازی ہوگی۔ مسٹر نانک سنگھ نشتر نے کہاکہ فرقہ پرست طاقتوں کی عادت بن گئی ہے کہ وہ کسی نہ کسی موضوع کے ذریعہ اقلیتوں کو ہراساں وپریشان کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ سکھوں کو بھی خالصتان کے نام پر ہراساں وپریشان کیاجاتا رہا ہے جس کا ایک شکار میںخود ہوں۔ انہوںنے کہاکہ خالصتان کا نظریہ کسی بھی سکھ کا نہیں ہے بلکہ فرقہ پرستوں کی من گھڑت کہانی ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سکھوں کا استعمال کیا گیا اورسکھ طبقے کو خالصتان کے نام پر نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ یکساں سیول کوڈ کے نام پر سکھوں کی مذہبی آزادی میںکسی بھی قسم کی مداخلت کو ہم ہر گز برداشت نہیںکرسکتے۔ صدر ایم پی جے جناب خواجہ معین الدین نے کہاکہ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ میںمرکزی حکومت کو دشواری پیش نہیںآئے گی لہٰذا مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ چوکنا رہتے ہوئے اس مسئلہ کو روکنے کے لئے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ جناب علی الدین قادری نے کہاکہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم یکسا ں سیول کوڈ کے متعلق عوام میںشعور بیداری مہم چلائیں۔ڈاکٹر نظام علی نے کاروائی چلائی۔