فرقہ پرست طاقتوں کیخلاف بائیں بازو اور کانگریس کو متحد ہوجانے سی پی آئی کا مشورہ

نئی دہلی ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بائیں بازو اور دیگر جمہوری پارٹیوں جیسے کانگریس کو متحد ہوکر ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جنگ کرنی چاہئے۔ ڈیموکریٹک پارٹیاں جیسے کانگریس اور جنتادل (سیکولر) کے علاوہ دیگر پارٹیوں کو اس مقصد سے متحد ہوجانا چاہئے۔ سی پی آئی کی قومی عاملہ کا اجلاس حال ہی میں اختتام پذیر ہوا۔ اس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بائیں بازو کی پارٹیوں اور جمہوری پارٹیوں کو آئندہ مہموں میں ایک مشترکہ چوٹی کانفرنس منعقد کرنی چاہئے۔ یوگی ادتیہ ناتھ کے بحیثیت چیف منسٹر یوپی تقرر پر انہوں نے کہا کہ یہ سیکولرازم اور جمہوریت کیلئے ایک خطرہ ہے۔ مسلخوں کو بند کرنے سے ریاست میں معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے اور اس کے اثرات عوام بشمول سربراہ کنندہ سلسلہ پر مرتب ہوں گے۔ علاوہ ازیں مخالف رومیو اسکواڈس سے ریاست کی نوجوان نسل کو خطرہ ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سی پی آئی نے کہا کہ بی جے پی کو صرف یوپی اور اترانچل میں اکثریت حاصل ہوئی جبکہ منی پور اور گوا میں گورنر کی ناپاک حمایت سے حکومت تشکیل دی جاسکی۔