بشمول طاہر بن حمدان تمام سیکولر جماعتوں کے امیدواروں سے میری نیک تمنائیں : زاہد علی خاں
نظام آباد۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک سنگین حالات سے گذررہا ہے، فرقہ پرست طاقتیں کافی شدت کے ساتھ سامنے آرہی ہیں، چنانچہ موجودہ حالات میں قوم و ملت کے مفادات کو محفوظ رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں کے خاتمہ کیلئے سیکولر جماعتوں کی بھرپور تائید کی جائے تاکہ جمہوریت قائم رہے اور عوام کو حقوق و انصاف ملے۔ اس مقصد کی تکمیل کیلئے ضروری ہے کہ سیکولر جماعتیں ان جماعتوں سے وابستہ امیدوار دوراندیشی اور حکمت عملی کو اپناتے ہوئے فرقہ پرستوں کو شکست فاش دینے کی کوشش کریں۔ دور اندیشی اور حکمت عملی کو اپناتے ہوئے فرقہ پرستوں کو شکست فاش دینے کی کوشش کریں۔ ان تاثرات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ نے نظام آباد کے کانگریس امیدوار طاہر بن حمدان سے ایک ملاقات کے موقع پر کیا، اور طاہر بن حمدان سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوب محنت کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تلنگانہ میں کانگریس لہر چل رہی ہے، ایسے میں ایک اچھا موقع ہے کہ انہیں کانگریس نے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ چنانچہ وہ بھی کامیابی کیلئے اپنی بھرپور طاقت جھونک دیں تاکہ ایوانوں میں ملت کی اور مسلمانوں کی نمائندگی کرسکیں اور مسلم مسائل پر آواز اُٹھاسکیں۔ طاہر بن حمدان سے میری نیک تمنائیں ہیں اور میں دعاء گو ہوں کہ وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوجائیں۔