پناجی ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے ان افواہوں کو مسترد کردیا کہ ان کی پارٹی بی جے پی سے مایوس ہورہی ہے اور کہا کہ وہ کبھی زعفرانی پارٹی کی تائید کریں گے اورنہ ہی فرقہ پرست طاقتوں سے ہاتھ ملائیںگے جبکہ سیکولرازم پر کاربند رہیں گے ۔ انہوں نے کل شام واسکو میں این سی پی امیدوار جوز فلیپ ڈیسوزا کے انتخابی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ افواہیں پھیلائی جارہی ہے کہ این سی پی ، بی جے پی سے قربت حاصل کرنے کی کوشش نہیں ہے جوکہ صریحاً جھوٹی خبر ہے کیونکہ این سی پی نے کبھی بھی بی جے پی کی تا ئید نہیں کی ہے اور ہم نے سیکولرازم پر کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نہ ہی فرقہ پرستوں کے ساتھ ساز باز کی ہے اور جو لوگ فرقہ پرستی پھیلا رہے ہیں۔ ہم ان کے ساتھ ہرگز نہیں ہوں گے ۔ واضح رہے کہ شرد پوار کو حال ہی میں حکومت نے شہری اعزاز پدم و بھوشن عطا کیا ہے ۔ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کے ساتھ 20 سالہ قدیم اتحاد کو توڑ دینے کا اعلان کیا ہے جس پر یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ مہاراشٹرا بالخصوص ممبئی کے میونسپل انتخابات کے پیش نظر این سی پی سیاسی خلاء کو پر کرے گی۔