فرقہ پرستی کا زہر نہیں چاہئے ! مودی

گوہانہ ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی میں وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی نے جو خود اپنی ریاست گجرات میں 2002 ء کے فرقہ وارانہ مفادات ہنوز سخت تنقیدوں کا سامنا کررہے ہیں ‘ آج کہا کہ ملک کو فرقہ پرستی کا زہر نہیں چاہئیے بلکہ اس کے بجائے عوام کو تحفظ اور ترقی کی ضرورت ہے ۔ ہریانہ کے گوہانہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ عوام اب کھوکھلی باتوں اور وعدوں سے بیزار ہوچکے ہیں اور وہ (مودی) عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق کچھ دینے کے ارادہ سے یہاں آئے ہیں ۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ صرف وعدوں کے انبار لگاتی رہی ہے لیکن ملکی نظام میں ایک بھی تبدیلی یا ترقی نہیں لاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اب وعدوں سے بیزار ہوچکا ہے ۔ بلکہ عملی اقدامات کے لئے عزم و ارادوں کی ضرورت ہے اور میں ارادہ کے ساتھ یہاں آیا ہوں۔

کانگریس بے شمار وعدے کرچکی ہے لیکن عوام ‘ تقسیم نہیں بلکہ ترقی چاہتے ہیں ۔ مودی نے خود کو ترقی لانے والے کی حیثیت سے پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو موقع پرستی نہیں بلکہ بہتر موقعوں کی ضرورت ہے ۔ عوام کو مشین نہیں ہنر چاہئیے ۔ انہیں سیاست نہیں ملازمت چاہئیے ۔ انہیں (عوام کو) فرقہ پرستی کا زہر نہیں بلکہ تحفظ و ترقی چاہئیے ‘‘ ۔