فرقہ پرستوں کو شکست دینے مسلمانوں کے اتحادپر زور

مدور میں مسلمانوں کا اجتماع، ڈاکٹر انیس صدیقی، شیخ حمید احمد اور دیگر کا خطاب

مدور /16 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیکولر ذہن ہندوستانی شہریوں کی اکثریت نریندر مودی کے وزیر اعظم ہند بننے کی شدید مخالف ہے، نیز ہندو برادران وطن کا کثیر طبقہ نریندر مودی کو کٹر فرقہ پرست اور کارپوریٹ اداروں کا نمائندہ تصور کرتا ہے۔ محض میڈیا کے ایک گوشہ کی جانب سے تنگ نظر نریندر مودی کو وزیر اعظم کے طورپر پیش کرنے سے ہندوستان کے اقلیتی طبقہ بالخصوص مسلمانوں کو خوف زدہ نہیں ہونا چاہئے، بلکہ متحدہ طورپر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر سیکولر سیاسی جماعتوں کو مجوزہ عام انتخابات میں کامیاب بنانے کے لئے سرگرم سعی کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار جناب شیخ حمید احمد موظف ریاستی کمشنر برائے وقف سروے لینڈ ریکارڈ و نائب صدر اسٹیٹ مسلم کونسل نے مدینہ مسجد مدور میں بعد نماز عصر منعقدہ مقامی مسلمانوں کے کثیر اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجوزہ عام انتخابات اور بلدی و منڈل پریشد انتخابات کے تناظر میں مسلم طبقہ میں شعور بیدار کرنے کی غرض سے ریاسی سطح پر اسٹیٹ مسلم کونسل تشکیل دی گئی ہے، جس کا عین مقصد دیہی سطح پر مسلمانوں کو اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھانا اور ملک و ریاست میں مخالف مسلم فسطائی طاقتوں کو شکست دینے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے۔ ڈاکٹر محمد انیس احمد صدیقی ورنگل نے اپنے خطاب کے دوران الزام عائد کیا کہ کارپوریٹ میڈیا کے ایک مخصوص گوشہ نے کروڑہا روپئے لے کر نریندر مودی کو آئندہ کے وزیر اعظم کی حیثیت سے پیش کرتے ہوئے ہندوستانی سماج کو زبردست تجسس میں مبتلا کردیا ہے،

جس کے انسداد و فرقہ پرست طاقتوں کے خطرناک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے مسلمانوں کو متحد ہونے کی شدید ضرورت ہے۔ انھوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ مسلم دشمن طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے اپنے حق رائے دہی کا صد فیصد استعمال کریں اور مسلم محلہ جات میں خصوصی دلچسپی لے کر رائے دہی کروائیں، نیز ووٹوں کو ضائع ہونے سے بھی بچائیں۔ مولانا سید دستگیر ناظم جماعت اسلامی ہند ورنگل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ مسلم کونسل میں مسلمانوں کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ ملت اسلامیہ میں اتحاد اور صف بندی ممکن ہوسکے۔ بعد ازاں کثیر مسلم آبادی والے اہم تجارتی بین ضلعی سرحدی منڈل مدور میں اسٹیٹ مسلم کونسل کی مقامی شاخ قائم کرنے عہدہ داروں کے ناموں کا اعلان کرنے کے لئے جناب محمد عبد الباری صدر، ابو محمد معین اطہر عثمانی جرنلسٹ و معتمد تنظیم المساجد مدور کو مجاز گردانا گیا۔ اجتماع میں جناب محمد عبد الباری، خواجہ فیض احمد، محمد محمود علی، عبد المجید صابر، تاج محمد، محمد کریم الدین کوثر، ابومحمد معین اطہر عثمانی، محمد غوث الدین، محمد احمد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔