فرقہ وارانہ صف بندی سے عوام میں تقسیم کا عمل

نئی دہلی 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) نے آج کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے آخری مرحلہ کی رائے دہی سے قبل ’’فرقہ وارانہ خطوط پر صف بندی‘‘ کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اِس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ نریندر مودی کی انتخابی مہم عوام کو زیادہ تیزی سے تقسیم کردے گی۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کی انتخابی مہم اب وارناسی اور ملک گیر سطح پر شروع ہوچکی ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ مودی کی انتخابی مہم ہمیشہ فرقہ وارانہ صف بندی کے عمل کو تیز رفتار بناتی رہی ہے۔ اِس بات کا لحاظ کئے بغیر کہ اِس کی ایسی کوششیں عوام کو ترقی کے ایجنڈہ پر زور دینے کے بجائے دوسرے موضوعات کی جانب متوجہ کردیں گی اور وہ گمراہ ہوجائیں گے۔ سی پی آئی (ایم) کے قائد سیتارام یچوری نے کہاکہ یہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی مخصوص قسم کی تضاد بیانی ہے۔ ایسی فرقہ وارانہ صف بندی رائے دہی کے آخری مرحلہ سے عین قبل ہندوستان کی یکجہتی اور سلامتی پر سنگین اثرات مرتب کرے گی اور عوام کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوگی۔ یچوری کا یہ تبصرہ مغربی بنگال اور بہار میں مودی کی انتخابی تقاریر کے لب و لہجہ کے پس منظر میں ہے۔