محبوب نگر کے آبکاری عہدیداروں پر چیف منسٹر کا اظہار برہمی
محبوب نگر /30 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں محکمہ آبکاری کے عہدیداروں کی لاپرواہی کی وجہ سے ملاوٹ شدہ سیندھی ، شراب اور غیر مجاز شراب کی فروخت میں اضافہ کی شکایت راست چیف منسٹر کو ملنے پر اکسائز کمشنر احمد ندیم ، چہارشنبہ کے دن ریونیو میٹنگ ہال میں منعقدہ آبکاری عہدیداروں کے جائزہ اجلاس میں برہم ہوگئے ۔ انہوں نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہاکہ ایسی شکایتیں کبھی بھی راست چیف منسٹر تک نہیں کی گئیں اور اب اس شکایت پر چیف منسٹر کافی برہم ہیں ۔ سیندھی میں ملاوٹ کو روکنا اور عوام کی صحت کی حفاظت کرنا محکمہ کی اولین ذمہ داریاں ہیں ۔ اس میں کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ جناب احمد ندیم جوکہ ا قلیتی بہبود کے انچارج کمشنر بھی ہیں عہدیداروں کو سخت ترین الفاظ میں جھنجوڑا کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری توجہ اور فرض شناسی کے جذبہ کے ساتھ انجام دیں ۔ بصورت دیگر وہ اپنے عہدوں کو چھوڑدیں ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ انفورسمنٹ ٹیموں میں اضافہ کریں اور روزانہ ایک موضع پر دھاوا ڈالیں اور خاطیوں کو گرفت میں لیتے ہوئے مقدمات بھی درج کریں ۔ انہوں نے ٹی سی ایس ٹی یف ٹی لائنس کے بغیر شراب فروخت کرنے والوں کو گرفت میں لینے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ اس ضمن میں کسی قسم کا کوئی دباؤ قبول نہ کریں ۔ انہوں نے ہر ماہ ضلع محبوب نگر کے عہدیداروں کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور لاپرواہ پائے جانے پر سخت ترین کارروائی کرنے کا بھی انتباہ بھی دیا ۔ جائزہ اجلاس میں انفورسمنٹ جوائنٹ کمشنر پرساد ، ڈپٹی کمشنر گوپالا کرشنا ، انفورسمنٹ کمشنر اشوک بابو و ضلعی اکسائز عہدیداران موجود تھے ۔