فرضی کال سنٹر کے ذریعہ ملازمت کا جھانسہ، نئی دہلی کے دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) فرضی کال سنٹر کے ذریعہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے والے نئی دہلی کے دھوکہ بازوں کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلک نگر کے ساکن ایک طالب علم نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ اُس نے شائین کیرئیر ڈاٹ او آر جی ویب سائیٹ پر اپنا بائیو ڈاٹا اپ لوڈ کیا تھا جس کے نتیجہ میں اُسے فون کال وصول ہوا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اُسے کنیڈا میں ملازمت کے لئے منتخب کرلیا گیا ہے۔ اِس سلسلہ میں دھوکہ بازوں نے طالب علم سے ضابطہ کی کارروائی کے لئے 13 ہزار روپئے فوری بینک کھاتے میں منتقل کرنے کی ہدایت دی اور بعدازاں وقفہ وقفہ سے ایک لاکھ 18 ہزار روپئے حاصل کرلئے۔ دھوکہ دہی کا شکار ہونے کے بعد طالب علم نے سٹی پولیس کی سائبر کرائم سے شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور تکنیکی شواہد کی موجودگی پر دھوکہ بازوں کا دہلی سے تعلق ہونے کا پتہ لگایا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائمس مسٹر کے سی رگھوویر نے بتایا کہ اُنھوں نے سمن بھردواج، پردیپ گپتا، سنیل رانا اور دیگر کو گرفتار کیا ہے جو دہلی کے جانک پوری علاقہ میں فرضی کال سنٹر چلاتا ہے۔