فرضی کال سنٹر بے نقاب

موظف سرکار ملازمین کو وظیفہ کے نام دھوکہ دہی ، راچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : قومی دارالحکومت دہلی سے چلائے جارہے ایک فرضی کال سنٹر کو راچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا جو ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو وظیفہ کی رقم اور اس کے فائدوں کے متعلق دھوکہ دہی کا شکار بنا کر لوٹ رہے تھے ۔ راچہ کنڈہ پولیس نے ایک سبکدوش ملازم کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے دہلی کے موتی نگر علاقہ میں دھاوا کیا اور اس فرضی کال سنٹر کو بے نقاب کردیا ۔ یہ بات جوائنٹ کمشنر آف پولیس راچہ کنڈہ مسٹر ترون جوشی نے بتائی جو یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سالہ سویندر سنگھ 31 سالہ اندر یرپت کور 30 سالہ اشوک کمار رائے 24 سالہ ہمانشو شرما 26 سالہ نوجوت رائے 22 سالہ وشنو کمار اور 22 سالہ محمد سرفراز اور 24 سالہ وجئے رائے کو گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس فرضی کال سنٹر کی سرگرمیوں کی نشاندہی کے بعد انسپکٹر محمد ریاض الدین کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دیتے ہوئے اس کال سنٹر کو بے نقاب کیا گیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے لینڈ لائن فون 8 موبائل فونس 29 اے ٹی ایم ، ڈیبٹ کارڈز گیارہ چیک بکس اور ایک لاکھ 28 ہزار 7 سو روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر نے بتایا کہ ایک شکایت گذار نے جو وظیفہ یاب ہے پولیس سے رجوع ہو کر شکایت کروائی ۔ اس فرضی کال سنٹر سے اس متاثرہ شخص کو فون کیا گیا اور بتایا گیا کہ اب کی پالیسی سے 6 لاکھ 30 ہزار کا زائد فائدہ حاصل ہوا ہے اور آپ اس فائدہ کو جلد حاصل کرلیں ۔ جس کے بعد اس سبکدوش ضعیف شخص کو سیکوریٹی ڈپازٹ کے طور پر 20 ہزار روپئے جمع کرنے کے لیے کہا گیا ۔ جس کے بعد اس شخص نے 20 ہزار جمع کروائے ۔ دو دن بعد دوبارہ فون کے ذریعہ اطلاع دی گئی اور کہا گیا کہ وہ دوبارہ 85 ہزار 300 روپئے جمع کرنے کے کہا گیا اور لالچ دیا گیا یہ واپس ہونے والی رقم ہے ۔ اس ٹولی نے اس طرح کئی افراد کو اپنی دھوکہ دہی کا شکار بنایا تھا ۔ پولیس نے مزید تحقیقات میں مصروف ہے ۔۔