جعلی انشورنس پالیسیاں ، اسٹامپس اور دیگر اشیاء ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 26 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے جعل سازی کے ذریعہ فرضی موٹر وہیکل انشورنس پالیسی کی تیاری میں ملوث ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے فرضی پالیسیز اور دیگر اشیاء ضبط کرلی۔ تفصیلات کے مطابق 33 سالہ جی سریکانت ساکن بوئن پلی (سکندرآباد) کے خلاف سری موٹرس کے پروپرائٹر بھنور لعل دلیپ جین نے ایک شکایت درج کروائی اور الزام عائد کیا کہ سریکانت نے خود کو بجاج ایلیانز جنرل انشورنس کمپنی خیریت آباد کا ایجنٹ ہے اور وہ موٹر وہیکل انشورنس تیار کرتا ہے۔ سریکانت نے دلیپ جین کو جعلی شناختی کارڈ بھی بتاکر اس سے 183 گاہکوں کے اِن وائز اور رقومات حاصل کرلئے جس کے عوض اس نے 129 فرضی انشورنس پالیسیز فراہم کیں۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ خود کو انشورنس کمپنی کا ایجنٹ ظاہر کی اور بجاج ایلیانز کمپنی کے لوگو اور دیگر تفصیلات حاصل کرتے ہوئے جعل سازی کے ذریعہ فرضی انشورنس پالیسیز تیار کررہا ہے۔ ٹاسک فورس نے اس کارروائی کے دوران 183جعلی انشورنس پالیسیز بجاج ایلیانز کمپنی کا ربر اسٹامپ اور جعلی پالیسیز کی تیاری میں استعمال کی جانے والی اشیاء بشمول کمپیوٹر، پرنٹر اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔ گرفتار دھوکہ باز کو ٹاسک فورس نے مزید کارروائی کیلئے بوئن پلی پولیس کے حوالے کردیا۔